پیر، 4 نومبر، 2019



تبصرہ کتاب: مضاربت میزان شریعت میں 

Book Review: Mudarbat in the Light of Sharī‘ah


Urdu Abstract: اسلام کے اقتصادی نظام کا اساسی مقصد انسان کی فلاح و بہبود ہے۔ یہ سرمایہ دارانہ نظام کی طرح مادہ پرستی اور خودغرضی پر مبنی ہے اور نہ ہی سوشل ازم کی طرح طبقاتی نزاع کا داعی ہے بلکہ یہ اسلامی معاشرے کے اندر منصفانہ تعاون پیدا کر کے معاشرے کے افراد کو ایک دوسرے کا ہمدرد اور مددگار بناتا ہے۔ جس سے مادی اور اخلاقی زندگی میں ہم آہنگی اور معاشی انصاف کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ انسان کا معاشی مسئلہ روئے زمین پر اس کے ظہور کے ساتھ ہی وجود میں آگیا تھا، احتیاجات اس کی فطرت کا جزو لاینفک ہیں اور ان کی تسکین کا سامان خالق نے کائنات کے شش جہت میں رکھ دیا ہے اور سنت یہ ٹھرادی کہ سعی وجہد سے ہی انسان کو ان خزانوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ اللہ تبارک و تعالٰی قرآن کریم میں فرماتے ہیں: لَّيْسَ لِلْإِنسَانِ إِلَّا مَا سَعَى ( اور یہ کہ ہر انسان کے لیے صرف وہی ہے جس کی کوشش خود اس نے کی)۔ تلاشِ معاش میں سرگردانی کا سبب وسائل کی کمیابی نہیں کہ یہ قطعی طور پر ایک غیر حقیقی مفروضہ ہے بلکہ یہ مشیت ایزدی کی کارفرمائی ہے۔ اس میں انسان کی آزمائش ہے کہ وسائل زیست کے حصول کی جدوجہد میں کس طرح اپنے مالک کی رضا اور ہدایت کو ملحوظ رکھ کر خوف اور غم و اندوہ سے اپنے آپ کو مامون بناتا ہے اور ابدی و دائمی راحتوں کو اپنا نصیب بناتا ہے۔
اسلامی معاشیات میں جہاں کسبِ معاش اہم ہے اسی طرح ذرائع معاش بھی نہایت اہم ہیں۔اسلام نے اپنے ماننے والوں کو رزق حلال کمانے کے لیےنہ صرف ذرائع کی طرف راہنمائی کی ہے بلکہ ایسے سنہری اصول دیئے ہیں جن پر چل کر وہ باعزت اور حلال رزق کما سکے۔ قرآن کریم میں ارشاد باری تعالٰی ہے : ( يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آَمَنُوا لَا تُحَرِّمُوا طَيِّبَاتِ مَا أَحَلَّ الله لَكُمْ وَلَا تَعْتَدُوا إِنَّ الله لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِينَ وَكُلُوا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللَّهُ حَلَالًا طَيِّبًا وَاتَّقُوا اللَّهَ الَّذِي أَنْتُمْ بِهِ مُؤْمِنُونَ ) ’’(اے ایمان والو! اللہ تعالیٰ نے جو پاکیزه چیزیں تمہارے واسطے حلال کی ہیں ان کو حرام مت کرو اور حد سے آگے مت نکلو، بےشک اللہ تعالیٰ حد سے نکلنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ اور اللہ تعالیٰ نے جو چیزیں تم کو دی ہیں ان میں سے حلال مرغوب چیزیں کھاؤ اور اللہ تعالیٰ سے ڈرو جس پر تم ایمان رکھتے ہو۔) ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا : (فَكُلُوا مِمَّا رَزَقَكُمُ الله حَلَالًا طَيِّبًا وَاشْكُرُوا نِعْمَةَ الله إِنْ كُنْتُمْ إِيَّاهُ تَعْبُدُونَ ) (جو کچھ حلال اور پاکیزه روزی اللہ نے تمہیں دے رکھی ہے اسے کھاؤ اور اللہ کی نعمت کا شکر کرو اگر تم اسی کی عبادت کرتے ہو۔)

English Abstract: "Mudarabat in the Light of Shariah" is a unique book on the subject which contains a lot of useful information about the contract. The book contains four chapters, but the authors has not focus on the modern application of the contract.
https://ssrn.com/abstract=3412035